کمٹہ،14؍ستمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں سیاسی قائدین کورونا کی لپیٹ میں آنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ اس مرتبہ رکن اسمبلی دینکر شیٹی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ بھی کووِڈ کا شکار ہوگئے ہیں اور علاج کے لئے انہیں منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔اس سے پہلے یلاپور رکن اسمبلی اور ضلع انچارج وزیر شیورام ہیبار کے علاوہ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک بھی کووڈ کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یا ب ہوچکے ہیں۔
بتایا جا تا ہے کہ حالیہ دنوں میں دینکر شیٹی کے کسی رشتے دار کو کورونا لاحق ہوگیا تھا۔ شبہ ہے کہ اس مریض سے رابطے کی وجہ سے ہی دینکر شیٹی میں بھی یہ وائرس سرایت کرگیا ہوگا۔اب رکن اسمبلی دینکر شیٹی کی کووڈ رپورٹ پوزیٹیو آنے کے بعد کمٹہ میونسپالٹی کے چیف آفیسر نےگزشتہ ایک ہفتے کے دوران رکن اسمبلی سے رابطہ میں آئے ہوئے سرکاری افسران، عوامی نمائندوں اور عوام سے درخواست کی ہے وہ خود ہی اپنے طور پر آگے بڑھ کرسرکاری اسپتال پہنچ جائیں اور اپنا اپنا کووڈ ٹیسٹ کروالیں۔